اسپیکر نے شاہ محمود قریشی کی مخالفت پر بلاول کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی

پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر نے شاہ محمود قریشی کی مخالفت پر بلاول بھٹوزرداری کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر بلاول نے ترمیم جمع نہیں کرائی ہے تو بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاسکتا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن عددی اکثریت کے باوجود حکومتی بلوں کی منظوری نہ روک سکی۔ جبکہ دونوں ایوانوں میں مجموعی طور پر اپوزیشن کے پاس حکومتی بینچز سے 10 زیادہ ووٹ موجود ہیں۔

پارلیمینٹ کے اجلاس کے دوران حکومتی و اپوزیشن اراکین میں جھگڑا بھی ہوا، جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر کی ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا، پورے اجلاس کے دوران ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس طرح ایوان چلا رہے ہیں، اس سے ایوان کی عزت ہی ہورہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوان میں کوئی آواز نہیں آرہی، پتہ ہی نہیں چل رہا آپ کون سی ترمیم پر بات کر رہے ہیں، ترامیم سے پہلے عام بحث کرنا ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے شاہد خاقان عباسی سے پوچھا کہ آپ ترمیم پیش کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟۔

اسپیکر نے شاہد خاقان عباسی کی پیش کردہ ترمیم پر رائے شماری کرائی، لیکن ترمیم مستردکردی گئی، جس کے بعد اسپیکر نے شاہد خاقان عباسی کو دوسری ترمیم پیش کرنے کی دعوت دی، مگر شاہد خاقان عباسی نے ترمیم پیش نہیں کی۔

اپوزیشن نے پارلیمنٹ کےمشترکا اجلاس سے واک آؤٹ کردیا، جس کے بعد شور شرابا تھم گیا، مگر پارلیمنٹ کی کارروائی جاری رہی، جبکہ اینٹی منی لانڈرنگ بل میں ترامیم کی شِق وار منظوری دے دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے