عمران خان نے سیاحت کے فروغ کے لیے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سیاحت کے فروغ کے لیے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی جس کے کنوینر معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں صنعت و پیداوار، داخلہ، دفاع، مواصلات، ہوا بازی، مذہبی امور کے سیکریٹریز شامل ہوں گے۔ سیکریٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی، تمام چیف سیکریٹریز یا ایڈیشنل چیف سیکریٹری سمیت چیئرمین متروکہ املاک بورڈ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کنوینر سرکاری یا نجی شعبے سے کسی بھی فرد کو کمیٹی میں شامل کرنے کا مجاز ہوگا، قومی رابطہ کمیٹی برائے سیاحت نیشنل ٹورازم اسٹریٹیجی پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی، کمیٹی صوبائی و علاقائی سطح پر مختلف اقدامات کو قومی حکمت عملی سے ہم آہنگ کرےگی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ کمیٹی سیاحت کے بارے میں وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل درآمد، اس میں پیش رفت سمیت ملکی سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ، سیاحتی سہولیات، پراڈکٹس اور سروسز کا جائزہ لے گی۔

سیاحت کے فروغ کے لیے بنائی گئی قومی رابطہ کمیٹی سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی اور سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے سرمایہ کاری کے فروغ کا جائزہ لے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے