وزیراعظم کراچی کیلئے بڑے پروگرام کا اعلان کریں گے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں اور اس دوران شہر کے لیے بڑے پروگرام کا اعلان کریں گے، اس میں سندھ حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے سب سے پہلے دو چیزوں کا ذکر کیا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام بارشوں کے باعث مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، وفاق جو بھی کراچی کے عوام کے لیے کر سکتا ہے وہ کر رہا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے لیکن کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے حالات دیکھ کر لگتا تھا سندھ حکومت اس کے معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم چاہتے ہیں کہ وفاق کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ مسئلوں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی، ٹینکر مافیا، سیوریج، ٹرانسپورٹ ان میں سے چند مسائل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کراچی کے حالات بہتر ہوں، کراچی کے عوام مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ کراچی میں سیوریج اور کچرا اور دیگر مسائل کے حل کے لیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت اور ان کے میندیٹ کو مانتے ہیں، صوبائی حکومت کی مدد کے بغیر کراچی کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جمعے کو کراچی جا رہے ہیں، کراچی سے متعلق پروگرام کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سندھ حکومت کو آن بورڈ لیتے ہوئے پروجیکٹس کا اعلان کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے عبدالحفیظ شیخ اور ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا فیز شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ معیشت کورونا وبا کے بعد اب دوبارہ حرکت میں آچکی ہے، اشاریے مثبت آرہے ہیں۔

مریم نواز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی سے متعلق شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ یہ پھر وہ ڈرامہ کریں جو پچھلی پیشی پر کیا تھا۔

خیبرپختونخوا میں کارکردگی سے متعلق شبلی کا کہنا تھا کہ کے پی کے عوام نے تحریک انصاف کو دو مرتبہ منتخب کیا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان پورا پاکستان ہی ہمارا ہے۔

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ لبرل ہوں یا کنزویٹیو، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے۔

کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی سے متعلق شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سے متعلق فیصلہ سندھ حکومت نے کرنا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ چیئرمین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی عاصم باجوہ نے بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی۔

شبلی فراز نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس میں بلوچستان میں بارش سے نقصانات کا ذکر بھی ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے