پریتی زنٹا کا پشتو میں پیغام وائرل

بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ڈمپل گرل پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پریتی زنٹا نے پشتو زبان بول کر سب کو حیران کر دیا ہے ۔

بھارتی معروف اداکارہ پریتی زنٹا مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ جڑی رہتی ہیں، پریتی آئے دن اپنی ویڈیوز کے ذریعے خود کی مصروفیت اور فٹنس سے متعلق معلومات بھی شیئر کرتی رہتی ہیں ۔

حال ہی میں پریتی کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ پشتو زبان میں انڈین پریمیئر لیگ سے متعلق اپنے مداحوں کو پیغام دے رہی ہیں ۔

پریتی زنٹا نے پشتو زبان میں اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’وہ آئی پی ایل کے ہر سیزن میں کرکٹ سے ہٹ کر کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کا موقع تلاش کرتی ہیں، انہوں نے اس بار ایک خوبصورت زبان بولنے کی کوشش کی ہے، اگر اُن کی جانب سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ معافی چاہتی ہیں ۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ کیا آپ لوگ اس زبان کا اندازہ لگا سکتے ہیں وہ کونسی زبان میں کیا بول رہی ہیں۔‘

پریتی زنٹا کی اس ویڈیو میں سیکڑوں مداحوں کی جانب سے کمنٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ پریتی زنٹا اپنی ویڈیو میں پشتو زبان بول رہی ہیں ۔

چند ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پریتی کی پشتو بولنے پر تعریف اور شکریہ بھی ادا کیا گیا جبکہ چند ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ پریتی زنٹا نے بہت بہترین انداز میں پشتو میں پیغام دیا ہے اور انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ پریتی زنٹا کا اپنی ویڈیو میں پشتو زبان میں پیغام دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ’تمام محبت کرنے والوں اور چاہنے والوں کو سلام، گھر پر محفوظ اور خوش رہیں، آئی پی ایل دیکھیں، بہت بہت مہربانی۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے