کیپٹن صفدر کی 4 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور

لاہور کی سیشن کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 4 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

سیشن کورٹ لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد اعوان نے درخواست پر سماعت کی۔

کیپٹن صفدر کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کوئی تعلق نہیں۔

عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے احاطۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری ہو گی تو حقائق سامنے آ جائیں گے، نیب پیشی پر لگ رہا تھا جیسے ہم سری نگر میں ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے