ہائی پرفارمنس سینٹر، صوبائی ٹیموں کیلئے کوچز پر مشاورت مکمل

پی سی بی نے ہائی پرفارمنس سینٹر او ر صوبائی ٹیموں کے لیے کوچز کے ناموں پر مشاورت مکمل کرلی، جلد اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی پرفارمنس سینٹر اور صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز کیلئے ٹیسٹ کرکٹرز کی تقرری کی گئی ہے ، ہیڈ آف پلیئر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق ، محمد یوسف اور عبدالرزاق کی تقرری کی تصدیق کر چکے ہیں۔

محمد یوسف کی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعیناتی ہوگی، سابق فاسٹ بولر محمد زاہد کا بھی نام بھی کوچز کی فہرست میں شامل ہے جبکہ سابق وکٹ کیپرعتیق الزمان بھی ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز میں شامل ہونگے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ باسط علی، غلام علی اور رانا نوید الحسن کی تقرریوں کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانیہ میں مقیم محمد زاہد بولنگ کوچ ، عتیق الزمان وکٹ کیپنگ کوچ ہوسکتے ہیں، سابق کپتان محمدیوسف ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

سابق ٹیسٹ آل راونڈر عبدالرزاق نوجوان آل راونڈرز کی رہنمائی کریں گے جبکہ باسط علی، غلام علی بھی کوچز لسٹ کا حصہ ہیں، سابق کرکٹرز سے کوچنگ ذمہ داریاں طے ہوگئی ہے البتہ تقرری مالی معاملات اور دیگر شرائط سےمشروط ہیں۔

محمد زاہد نیوزی لینڈ کے خلاف ڈبیو ٹیسٹ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے واحد پاکستانی پیسر ہیں اور انہوں نے پانچ ٹیسٹ اور گیارہ ایک روزہ میچوں میں ملک کی نمائندگی کی، کمر کی تکلیف کے سبب ان کا کیرئر مختصر رہا، 44 سالہ محمد زاہد ان دنوں بولٹن میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان بولرز کی رہنمائی کریں گے۔

ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچزکھیلنے والے عتیق الزمان آج کل لنکا شائر ویمنز ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں، دوسری جانب فاسٹ بولر شعیب اختر نے بولنگ کوچ کے اس عہدہ میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

بیٹنگ کوچ کے لیے محمد یوسف اور آل راؤنڈرز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کو ذمہ داری دینے پر اتفاق پایا جاتا ہے، دوسرے سابق کرکٹرز کو صوبائی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے